5

پشاور میں منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام، 42 کلو چرس اور آئس برآمد

محکمہ ایکسائز پولیس نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایکسائز حکام کے مطابق کارروائی ناردرن بائی پاس پر ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور عماد خان کی قیادت میں کی گئی، جہاں ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 42 کلو چرس اور 5.15 کلو آئس برآمد ہوئی۔

حکام کے مطابق منشیات پنجاب رجسٹریشن نمبر BMS-551 گاڑی سے برآمد کی گئی، جبکہ کارروائی کے دوران حسین ولد قند آغا نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا، جو افغان باشندہ بتایا جاتا ہے۔

ایکسائز پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئی۔ وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ منشیات کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔