4

سائنسدانوں کا نیا کارنامہ: ہوائی کے سپر ٹیلی سکوپ نے سورج کی سطح کی انتہائی واضح اور پروں جیسی تصویریں جاری کر دیں

ماہرین فلکیات اور سائنسدانوں نے جدید ترین شمسی سپر ٹیلی سکوپ کی مدد سے سورج کی سطح کی اب تک کی سب سے واضح تصاویر اور ویڈیوز حاصل کر لی ہیں، جن میں سورج کی سطح پر پروں جیسے منفرد اور حیرت انگیز پیٹرن پہلی بار اتنی گہری تفصیل کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔

بین الاقوامی سائنسی جریدے 'نیچر' میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ کے مطابق یہ تاریخی تصاویر اور ویڈیوز امریکی ریاست ہوائی کے ایک جزیرے پر نصب دنیا کے جدید اور طاقتور ترین سولر سپر ٹیلی سکوپ کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ہیں۔ نئی تصاویر میں سورج کی سطح پر پروں سے مشابہ جو منفرد بساطی ساخت نمایاں نظر آ رہی ہے، اس نے عالمی سائنسی برادری اور ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

سائنسی ماہرین کا کہنا ہے کہ پروں کی شکل میں نظر آنے والا یہ منظر دراصل سورج کے طاقتور مقناطیسی میدان (میگنیٹک فیلڈ) کی عکاسی کرتا ہے، جہاں انتہائی گرم گیسیں (پلازما) لہروں اور طوفانی صورت میں حرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ نیا مشاہدہ سورج کی اندرونی ساخت، اس کی مقناطیسی سرگرمیوں، شمسی طوفانوں اور خلائی موسم کو گہرائی سے سمجھنے کے لیے ایک انتہائی اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔