متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کیلئے نادرا نے خصوصی سہولت فراہم کر دی ہے، جس کے تحت انہیں شناختی دستاویزات کے حصول، تجدید اور تبدیلی کیلئے آسانی ہوگی۔
نادرا کے مطابق نئی شناختی دستاویزات بنوانے یا پہلے سے موجود دستاویزات میں ترمیم اور تجدید کرانے والے پاکستانی شہریوں کو اب دور دراز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ موبائل رجسٹریشن ٹیم ان کے قریب خدمات فراہم کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق نادرا موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان قونصلیٹ ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہی ہے، جہاں پاکستانی شہریوں کیلئے خصوصی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں۔
نادرا موبائل رجسٹریشن کیمپ ہفتہ 8 اگست کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک الاسماء ٹرانسپورٹ اینڈ کمپنی، الہیل روڈ، فجیرہ میں قائم کیا جائے گا۔
کیمپ میں پاکستانی شہریوں کو نائیکوپ کے اجرا، منسوخی، ری پرنٹ، ترمیم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات ان کے قریب فراہم کرنا ہے۔









