3

نعمان علی نے انگلینڈ کی لنکاشائر کاؤنٹی سے معاہدہ کر لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے انگلینڈ کی معروف لنکاشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت وہ پہلی مرتبہ انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔

معاہدے کے مطابق نعمان علی لنکاشائر کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری چھ میچز میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ یہ تمام مقابلے اگست اور ستمبر کے دوران کھیلے جائیں گے، جبکہ ان کی پہلی شرکت 20 اگست سے نارتھ ہیمپٹن شائر کے خلاف شیڈول میچ میں متوقع ہے۔

نعمان علی نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں اور اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں میدان میں اترنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

قومی اسپنر نے کہا کہ لنکاشائر جیسے تاریخی کلب کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کلب کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم نے لنکاشائر کی جانب سے طویل عرصے تک شاندار کرکٹ کھیلی، اور وہ بھی اپنی کارکردگی سے اس روایت کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں نعمان علی کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا، تاہم کاؤنٹی کرکٹ میں شمولیت کو ان کے کیریئر کے لیے اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں قومی ٹیم میں واپسی کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے۔