میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک ایسا انقلابی روبوٹ تیار کر لیا ہے جو پرندوں کی طرح فضا میں اڑنے اور مچھلی کی طرح پانی کے اندر تیرنے کی یکساں صلاحیت رکھتا ہے۔
'ایرو ایکواٹیک روبوٹیکس' کی ٹیم کا تیار کردہ یہ روبوٹ دیکھنے میں پانیوں میں غوطہ لگانے والے پرندوں سے مشابہت رکھتا ہے۔ صرف 300 امریکی ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا 250 گرام وزنی 'فلیپنگ ایریل ایکواٹیک وہیکل' بیٹری پر چلنے والی موٹر کی مدد سے کام کرتا ہے۔ روبوٹ کے نائیلون کے پروں اور دم پر واٹر پروف نانو پارٹیکلز پینٹ کیے گئے ہیں تاکہ پانی پروں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ سائنسدانوں نے غوطہ خور پرندوں کی پرواز اور تیراکی کی تحقیق کا جائزہ لے کر اسے ایک مخصوص فریکوئنسی میں پروں کو حرکت دینے کے لیے پروگرام کیا ہے۔
یہ جدید روبوٹ 13.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے فضا میں پرواز کر سکتا ہے جبکہ 2.2 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے زیرِ آب تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حسابات کے مطابق ایک بار مکمل چارج ہونے پر یہ 6 کلومیٹر تک پرواز اور 2 کلومیٹر تک تیراکی کر سکتا ہے۔ اس روبوٹ کی عملی آزمائش ایک سال تک میساچوسٹس کے واٹر ٹینک اور سوئٹزرلینڈ کی جھیل جنیوا میں کی گئی ہے۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ کم خرچ اور ہلکے وزن کا روبوٹ مستقبل میں سمندری حیات کے تحفظ اور بحری مانیٹرنگ میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔









