نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر صارفین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 25 کلو واٹ تک سولر سسٹمز کی منظوری کا اختیار بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو دے دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے سولر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق اب 25 کلو واٹ تک سولر صارفین کو منظوری کے لیے نیپرا سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیاں ایسے سولر صارفین کو براہ راست منظوری جاری کرنے کی مجاز ہوں گی، جس سے سولر سسٹم لگانے کا عمل مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔
نیپرا کے اس اقدام کا مقصد سولر صارفین کے لیے سہولیات میں اضافہ اور اجازت کے طریقہ کار کو مؤثر بنانا ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے فروغ میں مدد مل سکے۔
نئی ترامیم کے بعد چھوٹے اور درمیانے درجے کے سولر صارفین کو منظوری کے مراحل میں آسانی ہوگی اور بجلی تقسیم کار کمپنیاں درخواستوں پر براہ راست کارروائی کر سکیں گی۔









