5

پوتے نے بیگ میں توپ کے گولے رکھ دیے، دادی ایئرپورٹ پر پکڑی گئیں

امریکا کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکار اس وقت حیران رہ گئے جب ایک مسافر کے بیگ سے امریکی خانہ جنگی کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ توپ کے گولے برآمد ہوئے۔

ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) کے مطابق 18 جولائی کو معمول کی جانچ کے دوران ایک اہلکار نے ایکس رے اسکین میں سوٹ کیس کے اندر ایک مشتبہ چیز دیکھی۔

تلاشی لینے پر کاغذی تولیوں میں لپٹے ہوئے پانچ چھوٹے توپ کے گولے ملے، جس کے بعد فوری طور پر سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی گئی۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے گولے غیر فعال تھے اور ان میں کوئی دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا، تاہم فوجی گولہ بارود ہونے کے باعث انہیں طیارے میں لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گولے تاریخی فورٹ مورگن سے چرائے گئے تھے۔ مخصوص نشانات کی مدد سے ان کی شناخت کی گئی اور تصدیق ہوئی کہ یہ امریکی خانہ جنگی کے دور کے آثار ہیں۔

بالڈون کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق ایک کم عمر لڑکے نے یہ گولے فورٹ مورگن کے اسٹوریج ایریا سے اٹھا کر اپنی دادی کے چیک اِن بیگ میں رکھ دیے تھے۔

دادی نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ان کے سامان میں موجود گولے چوری شدہ تاریخی اشیا ہیں۔