2

پاکستان میں فی تولہ سونا 3 ہزار روپے مہنگا، قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 ہزار روپے مہنگا ہو گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3,000 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کا بھاؤ بڑھ کر 4 لاکھ 30 ہزار 436 روپے کی نئی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق، اسی تناسب سے 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2,572 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 69 ہزار 29 روپے کا ہو گیا ہے۔

دوسری جانب، عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونے کی قیمت میں 30 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد بین الاقوامی سطح پر سونے کا بھاؤ 4,080 ڈالر فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔