پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 2 سے رہائشی نوجوان میر رضا علی کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم جمعہ کے روز ایک بار پھر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں ایس پی گلشن اقبال غلام شبیر سرکی بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیم اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک پستول کا کور بھی برآمد ہوا، جسے تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچنگ جاری ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے رہائشی 25 سالہ میر رضا علی کی لاش بدھ کے روز گلستان جوہر تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 2 شادی قلعہ شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی۔ پولیس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔









