اطالوی فٹبال کے عظیم ترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے اور اے سی میلان کے سابق کپتان فرانکو باریزی 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اے سی میلان نے فرانکو باریزی کے انتقال کی تصدیق کی، تاہم ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
اے سی میلان نے اپنے بیان میں کہا کہ باریزی کی وفاداری، کردار اور کلب کے لیے خدمات ہمیشہ تاریخ کا لازمی حصہ رہیں گی۔
فرانکو باریزی نے اپنے پورے 20 سالہ فٹبال کیریئر کے دوران صرف اے سی میلان کی نمائندگی کی اور کلب کی جانب سے 700 سے زائد میچز کھیلے۔
ان کی قیادت میں اے سی میلان نے تین یورپی چیمپئنز کپ، چھ سیری اے ٹائٹلز، دو انٹرکانٹی نینٹل کپ، تین یورپی سپر کپ اور چار اطالوی سپر کپ اپنے نام کیے۔
1997 میں ریٹائرمنٹ کے بعد اے سی میلان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں مشہور نمبر 6 جرسی کو ہمیشہ کے لیے ریٹائر کر دیا۔
فرانکو باریزی 1982 کی ورلڈ کپ فاتح اطالوی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ 1994 کے ورلڈ کپ میں اٹلی کو فائنل تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
گزشتہ سال ان کے پھیپھڑوں سے گلٹی نکالنے کے لیے سرجری کی گئی تھی، جبکہ ان کی آخری عوامی تقریب فروری میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب تھی۔
اطالوی وزیراعظم اور فٹبال حکام نے فرانکو باریزی کو اطالوی فٹبال کا ناقابلِ فراموش لیجنڈ قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔









