چین، جو کہ اپنے منفرد اور عظیم الشان تعمیراتی شہکاروں کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، نے رقبے کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ریلوے اسٹیشن کی تعمیر مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
جنوب مغربی چین کے پہاڑی علاقے میں واقع 'چونگ چنگ ایسٹ ریلوے اسٹیشن' کو جون 2025 میں عوام کی آمدورفت کے لیے باضابطہ طور پر کھولا گیا تھا۔ یہ ریلوے اسٹیشن 1 کروڑ 30 لاکھ اسکوائر فٹ سے زائد رقبے پر محیط ہے، جو کہ فٹبال کے 170 گراؤنڈز کے برابر بنتا ہے۔ حجم اور رقبے کا موازنہ کیا جائے تو یہ امریکہ کے شہر نیویارک کے مشہورِ زمانہ 'گرینڈ سینٹرل اسٹیشن' سے بھی 5 گنا زیادہ بڑا ہے۔
اس جدید ترین ریلوے اسٹیشن میں 15 پلیٹ فارمز اور 29 ریل ٹریکس شامل ہیں، جہاں رش کے اوقات میں فی گھنٹہ 16 ہزار مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔ اس ریلوے اسٹیشن کی دیوہیکل چھت کی سٹرکچر کے لیے 16 ہزار 500 ٹن اسٹیل استعمال کیا گیا ہے۔
چونگ چنگ کے دشوار گزار اور پہاڑی سلسلے کی چوٹی پر اس شاندار ڈھانچے کو محض 38 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ اس مشکل ترین تعمیری پروجیکٹ کے لیے 40,000 انسانی ورکرز کے ساتھ ساتھ جدید روبوٹک مشینری کی فوج نے دن رات کام کیا۔ ماہرین کے مطابق بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں ایسے پیچیدہ اور دیوہیکل منصوبوں کی صرف انتظامی منظوری میں ہی اس سے کہیں زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔









