3

اسرائیلی فوج میں بغاوت کا خدشہ، 14 اہلکار برطرف

اسرائیلی فوج نے بغاوت کے خدشات اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزام میں 14 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جنگی ڈیوٹی سے برطرف کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گیواتی بریگیڈ کی ٹزابر بٹالین سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں کو 30 روز کے لیے فوجی جیل بھیجنے کی سزا سنائی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ اہلکار جنوبی اسرائیل میں سدی تیمان فوجی بیس پر بغیر اجازت اجتماعی طور پر ڈیوٹی چھوڑنے کے واقعے میں ملوث تھے۔

رپورٹس کے مطابق درجنوں فوجیوں نے نظم و ضبط بحال کرنے کی کوشش کرنے والے ایک سینئر کمانڈر سے اختلاف کے بعد اپنے ہتھیار چھوڑے اور فوجی بیس سے واک آؤٹ کیا۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ گیواتی بریگیڈ کے کمانڈر نے متعلقہ اہلکاروں کو جنگی ڈیوٹی سے مستقل طور پر ہٹا دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ فوجی بیس پر تعینات اہلکاروں پر قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے الزامات بھی سامنے آ چکے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق کمانڈ اسٹاف اور فوجیوں کے درمیان اختلاف اس وقت پیدا ہوا جب یونٹ سے متعلق کچھ نشانات ہٹانے کے فیصلے پر عملدرآمد کی کوشش کی گئی، تاہم دونوں فریقوں میں اتفاق نہ ہو سکا، جس کے بعد اہلکاروں نے بیس چھوڑ دیا۔