نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیمپاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حیدر عباس نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال پاکستان پر 400 سے زائد سائبر حملے کیے گئے، تاہم جدید و بروقت اقدامات کے ذریعے ان تمام حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔
ایک خصوصی انٹرویو میں ملک کو درپیش بڑھتے ہوئے سائبر خطرات اور بالخصوص ریاستی سرپرستی میں ہونے والے سائبر حملوں پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حیدر عباس نے پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کو مزید ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایک بااختیار نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے قیام کی تجویز پیش کر دی۔
ڈی جی این سی ای آر ٹی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک مضبوط اور بااختیار اتھارٹی کی ضرورت ہے جو براہِ راست وزیراعظم پاکستان کے ماتحت اور ان کی سربراہی میں کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کا سائبر سیکیورٹی نظام ایک مرکزی پیراشوٹ ادارے کے تحت چلایا جانا چاہیے، اور وزیراعظم کے زیرِ نگرانی یہ اتھارٹی زیادہ جامع اور مؤثر انداز میں قومی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت یقینی بنا سکے گی۔








