3

سعودی عرب: اسلام قبول کرنے والے افراد کی سہولت کے لیے نئی ڈیجیٹل کارڈ سروس متعارف۔

سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والے افراد کی سہولت اور سرکاری شناخت کی فراہمی کے لیے ایک جدید 'ڈیجیٹل کارڈ سروس' کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس اقدام کا مقصد نو مسلمین کے لیے اسلام قبول کرنے کی باقاعدہ منظوری، تصدیق اور اسناد کے اجرا کے تمام مراحل کو موبائل اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے آسان اور خودکار بنانا ہے۔ اس سروس کو سعودی عرب کی معروف سرکاری ایپ 'توکلنا'  اور سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ منظوری ملتے ہی یہ محفوظ کارڈ صارف کے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جائے گا، جس پر موجود خصوصی کیو آر کوڈ کے ذریعے کسی بھی وقت کارڈ کی اصلیت اور تصدیق کی جا سکے گی۔

وزارت کے مطابق یہ اقدام نہ صرف نو مسلمین کو سرکاری سطح پر تسلیم شدہ شناخت اور خدمات تک رسائی فراہم کرے گا بلکہ اس سے حکومتی ریکارڈز کی بہتری، درست اعداد و شمار اور مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب ویژن 2030 کے تحت حج، عمرہ زائرین اور مسلمانوں کی سہولت کے لیے 'نسک' پلیٹ فارم اور 'مکہ روٹ' جیسے متعدد جدید ڈیجیٹل اقدامات پہلے ہی متعارف کرا چکا ہے۔