ملک میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلا خوردنی تیل 510 روپے فی کلو یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگا ہے، جبکہ کھلے گھی کی قیمت 470 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب مختلف برانڈز کے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد ان کی قیمتیں 580 روپے سے بڑھ کر 620 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہیں۔
دکانداروں کے مطابق عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء مہنگی ہونے سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے، جبکہ حکومت سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔









