4

ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی ہوئی، غلطیوں سے سیکھیں گے: فاطمہ ثنا

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے سیریز کا آغاز اچھا کیا تھا، تاہم بعد میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اس سیریز سے زیادہ سے زیادہ مثبت چیزیں حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

کپتان قومی ویمن ٹیم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، لیکن بیٹرز اس انداز میں کارکردگی نہ دکھا سکے جس کی ضرورت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کے بعد جب نوجوانوں کو موقع ملے تو انہیں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنی چاہئیں۔

فاطمہ ثنا نے کہا کہ مڈل آرڈر میں نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے گل فیروزہ، صدف شمس، سدرہ امین اور منیبہ علی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کئی مثبت چیزیں سامنے آئی ہیں۔

انہوں نے باؤلنگ کے شعبے میں ام ہانی اور نشرہ سندھو کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان باؤلرز جتنی جلد بہتری لائیں گی، ٹیم کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا۔

فاطمہ ثنا نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ مثبت رہیں کیونکہ تجربات کے دوران ناکامی بھی آ سکتی ہے، تاہم صبر اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دی ہنڈریڈ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں اور کوشش ہوگی کہ وہاں بہترین کارکردگی دکھائیں تاکہ پاکستان کی مزید کھلاڑیوں کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ ٹیم میں شامل نئی اور نوجوان کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ دباؤ کے بجائے کھیل کو انجوائے کریں اور خود پر اعتماد رکھیں۔