4

شاہد آفریدی کی مداح کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، ، وائرل کلپ نے نئی بحث چھیڑ دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئے ہیں، جس کی وجہ ایک وائرل ویڈیو ہے جس میں انہیں ایک مداح کے ساتھ مبینہ طور پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہد آفریدی سیکیورٹی حصار میں ایک اسٹیڈیم سے باہر آ رہے ہیں، اسی دوران ایک مداح ان کے قریب آنے کی کوشش کرتا ہے۔ ویڈیو میں مبینہ طور پر دکھایا گیا ہے کہ شاہد آفریدی مداح کو پیچھے ہٹانے کے لیے ہاتھ سے دھکا دیتے ہیں، جبکہ بعد ازاں وہ غصے کے انداز میں اس کی جانب بڑھتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان سے وضاحت یا معذرت کا مطالبہ کیا۔

تاہم کئی صارفین نے سابق کپتان کا دفاع بھی کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو مختصر ہے اور مکمل واقعہ سامنے آئے بغیر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں۔

تاحال شاہد آفریدی کی جانب سے اس وائرل ویڈیو یا سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، جہاں کچھ صارفین سابق کپتان کے رویے پر سوال اٹھا رہے ہیں جبکہ کچھ مداح ان کے مؤقف سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔