12

بھارت میں انوکھی شادی، تین خواتین ایک ہی شخص کی دلہن بن گئیں

امروہہ: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں شادی کا ایک منفرد واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع امروہہ کے دھوریا گاؤں میں ہونے والی ایک شادی کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس کے بعد اس غیر معمولی واقعے کا انکشاف ہوا۔

رپورٹس کے مطابق دو سگی بہنوں اور ان کی ایک کزن نے سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بنانے والے کیمرامین سے شادی کی۔ تینوں خواتین کا تعلق سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹرز کے طور پر بھی بتایا جا رہا ہے۔

میڈیا کے مطابق 20 سالہ ساروج، 19 سالہ ساوتری اور 18 سالہ سنتوش نے 17 جولائی کو چامنڈا ماتا مندر میں کیمرامین وکاس عرف وِکو سے شادی کی۔

تینوں خواتین نے مبینہ طور پر بتایا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ ایک دوسرے سے الگ نہیں ہونا چاہتی تھیں۔

شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد یہ واقعہ تیزی سے وائرل ہوگیا اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔