پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ بنیاد پر تعین کے بعد اب تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق 18 جولائی سے اب تک پٹرول کی قیمت میں 20 روپے 81 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 18 جولائی کو پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
اس کے بعد 21 جولائی کو قیمتوں کا تعین کیا گیا، جس میں پٹرول 35 پیسے سستا ہوا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
22 جولائی کے لیے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو پٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔
گزشتہ روز 24 جولائی کے لیے بھی پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے اوگرا کو روزانہ کی بنیاد پر عالمی مارکیٹ کے مطابق قیمتیں مقرر کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔









