1

عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں سنسنی خیز اضافہ، برینٹ کروڈ 100 ڈالر سے تجاوز کر گیا

ایران پر امریکی جارحیت کے بعد عالمی توانائی کی منڈی میں شدید بے یقینی پھیل گئی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی نفسیاتی سطح کو عبور کر گئی ہے۔

تازہ ترین عالمی اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل 100.56 ڈالر فی بیرل کی سطح پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ امریکی خام تیل  کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے اور وہ 92.05 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی منڈی میں توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ اور سپلائی کے خدشات کو ظاہر کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کا 'مربن'  خام تیل 108 ڈالر فی بیرل کی بلند سطح پر فروخت ہونے لگا ہے۔

تیل کے ساتھ ساتھ قدرتی گیس کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمت بڑھ کر 2.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو  ہو گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری اس کشیدگی سے آنے والے دنوں میں عالمی توانائی مارکیٹ پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔