2

ویبھو سوریا ونشی کی تاریخ ساز اننگز، زمبابوے کو بھارت سے 7 وکٹوں سے شکست

بھارتی نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

16 سال سے کم عمر ویبھو سوریا ونشی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ففٹی بنانے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹر بن گئے۔

ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی اوپنر نے آغاز سے ہی زمبابوے کے بولرز پر دباؤ برقرار رکھا اور اپنی طوفانی اننگز سے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔

ویبھو سوریا ونشی نے 19 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 263 سے زائد رہا۔

اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ویسلے مدھیویری نے 39، تادیواناشے مارومانی نے 27 ناٹ آؤٹ اور ریان برل نے 26 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے میانک یادو اور پرنس یادو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ روی بشنوئی اور شیوم دوبے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف 13.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔

ایشان کشن نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان شریاس ایئر نے ناقابل شکست 28 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ تلک ورما 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزاربانی نے دو جبکہ رچرڈ نگاراوا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، جبکہ ویبھو سوریا ونشی اپنی تاریخی اننگز کے باعث عالمی کرکٹ میں توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔