3

مودی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی گرفتار

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے احتجاج کے دوران پولیس نے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔

کانگریس نے طلبہ پر مبینہ پولیس تشدد کے خلاف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا، جہاں مظاہرین نے وزیر اعظم اور وزیر تعلیم دھرمیندرا پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کانگریس رہنما راہول گاندھی، رکن اسمبلی پرینکا گاندھی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو تحویل میں لے لیا۔

حراست میں لیے جانے سے قبل راہول گاندھی نے طلبہ پر پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والے نوجوانوں پر طاقت کا استعمال جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کا تعلیمی نظام مشکلات کا شکار ہے اور طلبہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے جائز مطالبات کر رہے ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر شیلنگ اور لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔

دوسری جانب دہلی ہائیکورٹ نے طلبہ پر پولیس تشدد کے خلاف دائر درخواست پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے معاملہ مقررہ تاریخ پر سننے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے درخواست کی باقاعدہ سماعت بدھ کو مقرر کی ہے۔