کراچی: مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونے کی قیمت نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 300 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 24 ہزار 536 روپے کا ہوگیا ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 258 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 63 ہزار 971 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح 22 قیراط 10 گرام سونا 237 روپے مہنگا ہونے کے بعد 3 لاکھ 33 ہزار 652 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ چاندی 107 روپے اضافے سے 6 ہزار 177 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 91 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 295 روپے ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔









