7

ڈیجیٹل معیشت کی بڑی کامیابی، آئی ٹی شعبے نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

پاکستان کے آئی ٹی شعبے نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، جہاں ٹیکنالوجی کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شعبے کا تجارتی سرپلس بھی 85 فیصد تک بڑھ گیا۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق حکومت نے گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی، جس کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل افرادی قوت کو فروغ دینا ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان نے دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی ٹیکنالوجی نمائشوں میں شرکت کی، جہاں 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں کے دوران بھی آئی ٹی صنعت کے نمائندگان کو شامل کیا گیا تاکہ پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

حکومت نے آئی ٹی برآمد کنندگان کے لیے مختلف مراعات بھی متعارف کرائیں، جن میں فائنل ٹیکس رجیم کا تسلسل اور برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس کی سہولت شامل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر عالمی سطح پر مزید مضبوط ہو رہا ہے اور ملکی معیشت میں ٹیکنالوجی کے کردار میں اضافہ ہو رہا ہے۔