5

ایران کا امریکی ایم کیو9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے ملک کے جنوب مغربی شہر اہواز کی فضائی حدود میں ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے کارروائی کے دوران امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا، جس کے بعد وہ تباہ ہو کر گر گیا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ایران کے نئے اور جدید فضائی دفاعی نظام کا استعمال کیا گیا، تاہم دفاعی نظام کی نوعیت اور تکنیکی تفصیلات کے حوالے سے مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی MQ-9 ریپر ڈرون نگرانی اور انٹیلی جنس معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں اسے حملہ آور کارروائیوں کی صلاحیت رکھنے والا ڈرون بھی قرار دیا جاتا ہے۔

یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات اور الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام نے تاحال ایران کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی کوئی باضابطہ ردعمل جاری کیا ہے۔ آزاد ذرائع سے بھی واقعے کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اگر ایرانی دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ خطے میں ڈرون جنگ اور فضائی دفاعی صلاحیتوں کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، تاہم حتمی تصدیق کے لیے مزید شواہد کا انتظار کیا جا رہا ہے۔