5

ایرانی وزیر داخلہ کا آئندہ ہفتے دورہ پاکستان متوقع

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاکستانی قیادت اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، سرحدی تعاون اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دورے کے دوران پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرحدی معاملات میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ چیلنجز پر بات چیت متوقع ہے۔

حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایرانی وزیر داخلہ کا دورہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔