فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے، جہاں آج رات دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور 2010 کے عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان ٹائٹل کے حصول کے لیے فیصلہ کن مقابلہ ہوگا۔
نیویارک میں کھیلے جانے والے فائنل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے ہوگا، جس کے لیے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں اس تاریخی مقابلے پر مرکوز ہیں۔
فائنل سے قبل کھیلوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والے اے آئی سپر کمپیوٹر نے اپنی پیشگوئی جاری کی ہے، جس میں اسپین کو عالمی چیمپئن بننے کے لیے فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوپٹا کے اے آئی ماڈل نے 25 ہزار ڈیجیٹل سیمولیشنز کی بنیاد پر اسپین کی فتح کے امکانات 59.6 فیصد جبکہ ارجنٹینا کے کامیاب ہونے کے امکانات 40.4 فیصد ظاہر کیے ہیں۔
سپر کمپیوٹر کے مطابق اسپین کے مقررہ 90 منٹ میں میچ جیتنے کے امکانات 45 فیصد ہیں، جبکہ مقابلہ اضافی وقت تک جانے کا امکان 29 فیصد بتایا گیا ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا کے مقررہ وقت میں کامیابی حاصل کرنے کے امکانات 26 فیصد ظاہر کیے گئے ہیں۔
اسپین دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل کھیل رہا ہے، جبکہ ارجنٹینا ساتویں بار عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ اے آئی ماڈل نے اسپین کو معمولی برتری دی ہے، تاہم فٹبال کے میدان میں حتمی فیصلہ کھلاڑیوں کی کارکردگی، حکمت عملی اور میچ کے دوران حالات پر منحصر ہوگا۔
واضح رہے کہ اوپٹا کا اے آئی سپر کمپیوٹر ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل ہے، جو کھیلوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے ممکنہ نتائج کی پیشگوئیاں کرتا ہے۔









