فیفا ورلڈ کپ 2026 کو فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ٹیموں کی تعداد، میچز اور مالی حجم کے ساتھ ساتھ انعامی رقم میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں اس بار انعامی رقم کے مجموعی فنڈ میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے لیے ریکارڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
اعلان کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کو فی ٹیم 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ نویں سے سولہویں پوزیشن تک آنے والی ٹیموں کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور سترہویں سے بتیسویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر مقرر کیے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو تیاریوں کے اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2022 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 میں فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی گئی تھی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر کی رقم عالمی کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے، جو فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مالی وسعت کو ظاہر کرتی ہے۔









