3

غیر قانونی سمز کا اجرا، موبائل کمپنیوں پر بھاری جرمانہ عائد

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی اجازت کے بغیر شناختی کارڈ پر سمیں جاری ہونے کے معاملے پر چار بڑی موبائل کمپنیوں پر مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

پی ٹی اے کے مطابق سم اجرا کے قواعد کی خلاف ورزی پر زونگ پر 15 کروڑ 56 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ جاز پر غیرقانونی سم اجرا اور نگرانی میں غفلت کے باعث 11 کروڑ 67 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح ٹیلی نار کو سم اجرا ضوابط کی خلاف ورزی پر 11 کروڑ 67 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یوفون پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث 23 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔

پی ٹی اے نے اپنے فیصلوں میں قرار دیا کہ موبائل کمپنیوں کی جانب سے سم اجرا کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جس پر کمپنیوں کو مقررہ مدت کے اندر جرمانے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پی ٹی اے نے واضح کیا کہ فرنچائزز کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری بھی متعلقہ موبائل کمپنیوں پر عائد ہوگی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل کمپنیوں نے فرنچائزز اور بائیومیٹرک تصدیقی نظام کی مؤثر نگرانی نہیں کی، جبکہ غیرقانونی سم اجرا شناختی چوری، سائبر فراڈ اور مالی جرائم کا سبب بن سکتا ہے۔