فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے لیے ایک نئی روایت متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت پہلی بار چیمپئن ٹیم کو ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی پیش کی جائیں گی۔
فیفا کے مطابق یہ کسی بھی عالمی مقابلے کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو امریکی کھیلوں کی روایت سے متاثر خصوصی چیمپئن شپ انگوٹھیاں دی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کے لیے تیار کی جانے والی ان رنگز کی مجموعی تعداد 2026 ہوگی، جن میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی۔
فیفا نے بتایا کہ باقی 1996 رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے آفیشل لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر دستیاب ہوں گی۔
ہر رنگ کے ایک رخ پر فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن جبکہ دوسرے رخ پر فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ان رنگز کو منفرد نمبر، تصدیقی سرٹیفکیٹ اور خصوصی سائز کے ساتھ تیار کیا جائے گا۔
فیفا کے مطابق فائنل کے فوری بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز دی جائیں گی، جبکہ مستقل 30 رنگز بعد میں ایک خصوصی تقریب میں پیش کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔









