1

کانگو کے جنگلات میں نئی دریافت، گلابی نارنجی ہونٹوں والے نایاب بندر کی نسل سامنے آگئی

کنشاسا: افریقی ملک کانگو کے گھنے جنگلات میں بندر کی ایک نئی نسل دریافت ہوئی ہے، جس کی نمایاں خصوصیت اس کے گلابی نارنجی رنگ کے ہونٹ ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بندر کانگو کے وسطی مشرقی حصے میں واقع لومامی نیشنل پارک کے جنگلات میں دیکھا گیا، جس کا جسم سیاہ رنگ کا ہے جبکہ ہونٹ گلابی نارنجی رنگ کے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس بندر کی تصویر پہلی بار 2008 میں بھی سامنے آئی تھی، تاہم تصویر واضح نہ ہونے کے باعث اس نسل کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ تقریباً 10 سال بعد دوبارہ مشاہدے کے بعد ایک بین الاقوامی تحقیقی ٹیم نے اس بندر کی تلاش، مشاہدے اور سائنسی مطالعے کا آغاز کیا۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے آڈیو ریکارڈنگ، فوٹوگرافی اور تفصیلی جینیاتی تجزیے کی مدد سے تصدیق کی کہ یہ بندر ایک ایسی نئی نسل ہے جس کے بارے میں اس سے پہلے سائنسی معلومات موجود نہیں تھیں۔

رپورٹس کے مطابق اس تحقیق میں فلوریڈا اٹلانٹک یونیورسٹی کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے PLOS One میں شائع کیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ گزشتہ 75 برسوں میں دریافت ہونے والی افریقی بندر کی صرف پانچویں نئی قسم ہے، جو کانگو کے جنگلات میں موجود حیاتیاتی تنوع کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔