1

آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، کتنے پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں شامل؟

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی، جس میں مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی تازہ پوزیشنز سامنے آگئی ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے بیٹرز رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، تاہم ان کے اور بھارتی بیٹر شبمن گل کے درمیان ریٹنگ پوائنٹس کا فرق کم ہو کر صرف 11 پوائنٹس رہ گیا ہے۔

پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان علی آغا اٹھارہویں پوزیشن پر ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کے باعث دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق نئی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی اس بات کا اظہار ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے نمایاں مقام برقرار رکھے ہوئے ہیں۔