آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی اور امریکا ایران تنازع کے دوران اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اچانک قطر پہنچ گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے دوحہ پہنچ کر سابق قطری امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران عباس عراقچی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں امریکا کے ساتھ جنگ بندی معاہدے، مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد اور مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق ایرانی تحفظات پر بات چیت متوقع ہے، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر کا اہم پیغام بھی قطری قیادت تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ قطر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور جنگ بندی معاملات میں ثالثی کا کردار بھی ادا کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ سابق قطری امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال کے بعد قطر میں چار روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کی جانب سے تعزیتی پیغامات بھیجے گئے۔









