1

ایپل آئی فون 18 پرو: ممکنہ قیمت اور لانچ ٹائم لائن نے نئی بحث چھیڑ دی

ایپل کے صارفین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، اطلاعات کے مطابق کمپنی ستمبر 2026 میں اپنی تاریخ کی سب سے بڑی آئی فون اپ ڈیٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ پہلا فولڈیبل آئی فون بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ ایپل کی فولڈنگ ٹیکنالوجی پر مبنی نئی ڈیوائس پہلی بار عالمی سطح پر متعارف کرائی جا سکتی ہے۔ اگرچہ ایپل نے تاحال ان منصوبوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم بلومبرگ کے صحافی مارک گورمن سمیت متعدد ذرائع نے کمپنی کی جانب سے نئی نسل کے آئی فونز، فولڈیبل ڈیوائسز اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق مصنوعات پر کام کرنے کی نشاندہی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایپل کی سالانہ لانچ تقریب 8 یا 9 ستمبر 2026 کو منعقد ہونے کا امکان ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات ان ابتدائی ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جہاں نئے آئی فونز کی پری آرڈر بکنگ شروع کی جائے گی۔ توقع ہے کہ صارفین کو نئے فونز کی فراہمی 18 ستمبر سے شروع ہو سکتی ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل اس بار آئی فون سیریز کو دو مراحل میں متعارف کرا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور فولڈیبل آئی فون جبکہ معیاری آئی فون 18، آئی فون 18e اور نئی نسل کا آئی فون ایئر 2027 کے آغاز میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

آئی فون 18 پرو سیریز کے ڈیزائن کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ مجموعی انداز موجودہ ماڈلز سے ملتا جلتا ہوگا، تاہم کیمرا ماڈیول، بیٹری، کولنگ سسٹم اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کارکردگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ نئے رنگوں میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، سلور اور ڈارک گرے شامل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

فولڈیبل آئی فون کے حوالے سے رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایپل مضبوط ہنج، بہتر پائیداری اور اعلیٰ صارف تجربے پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ یہ ڈیوائس آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ ایک پریمیم ماڈل کے طور پر پیش کی جا سکتی ہے۔

قیمتوں کے حوالے سے بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں 200 امریکی ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد یہ ایپل کی مہنگی ترین مین اسٹریم آئی فون سیریز بن سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میں نئی A20 Pro چپ، بہتر کیمرا سسٹم، ویری ایبل اپرچر ٹیکنالوجی، جدید فیس آئی ڈی، چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ اور بہتر بیٹری لائف جیسے فیچرز شامل کیے جا سکتے ہیں۔