فیفا ورلڈکپ 2026 کے سیمی فائنل میں فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے والی اسپینش ٹیم کے حوالے سے ایک دلچسپ دعویٰ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اہم سیمی فائنل مقابلے سے قبل اسپین کے کھلاڑیوں نے ایرانی کباب سے لطف اندوز کیا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے ٹیم کی کامیابی کا مبینہ ’’خفیہ نسخہ‘‘ قرار دینا شروع کردیا۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اسپین کے کھلاڑیوں کو ایرانی کباب کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں ایرانی سفارتخانے نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ فارسی ذائقوں سے بھرپور اس خصوصی کھانے کے بعد اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو شکست دی اور ورلڈکپ فائنل میں جگہ بنا لی۔
تاہم ایرانی کباب کو اسپین کی کامیابی کی وجہ قرار دینے کے دعوے کی کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، البتہ یہ موضوع سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے اور مداح اسے اسپین کی شاندار فتح سے دلچسپ انداز میں جوڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب ورلڈکپ فائنل سے قبل ایک سوشل میڈیا صارف کی پانچ سال پرانی پیشگوئی بھی دوبارہ وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائنل میں ارجنٹینا اسپین کو شکست دے گا۔
فٹبال شائقین اب فائنل مقابلے کے منتظر ہیں، جہاں اسپین کی کارکردگی اور وائرل ہونے والی پیشگوئی دونوں ہی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔









