60

پاکستان میں آئی فون صارفین کے لیے مایوس کن خبرآگئی

پاکستان میں ٹیکنالوجی صارفین خصوصاً آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایپل کمپنی نے اپنے ہینڈ سیٹس پر 5G آپشن فعال کرنے میں تاخیر کا عندیہ دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ 2027 میں مارکیٹ کے حجم اور دیگر تکنیکی و تجارتی عوامل کا جائزہ لینے کے بعد ہی آئی فون صارفین کے لیے 5G سروس کی مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔

وزارتِ آئی ٹی اور ٹیلی کام کے حکام کے مطابق ایپل کا یہ فیصلہ مقامی مارکیٹ کی محدود وسعت اور مختلف تجارتی و تکنیکی عوامل کے باعث کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدی اسمارٹ فونز، خصوصاً آئی فونز پر عائد بھاری ٹیکسز کے باعث پاکستان میں ایپل کی مارکیٹ متاثر ہوئی ہے، جو اس تاخیر کی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے۔

دوسری جانب سام سنگ کے اسمارٹ فونز پر 5G سروس پہلے ہی دستیاب ہے جبکہ مقامی ٹیلی کام آپریٹرز بھی مرحلہ وار 5G خدمات متعارف کرا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے رواں سال مارچ میں 507 ملین ڈالر مالیت کے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کی تھی، جس کے تحت ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ٹیلی کام حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر 5G سروس کا آغاز ہو چکا ہے تاہم آئی فون صارفین کو اس جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔