75

شادی کے موقع پر دلہن کی جذباتی ویڈیو وائرل

انڈیا میں ایک دلہن کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ آنکھوں میں آنسو لیے اپنے ہی گھر یعنی میکے جانے کی اجازت کے معاملے پر سوال اٹھاتی نظر آ رہی ہیں۔

ویڈیو میں دلہن شادی کی رسومات کے دوران رو رہی ہیں اور ان کے جذباتی الفاظ وہاں موجود افراد کو بھی اشکبار کر دیتے ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ شیئر کیے گئے نوٹ میں دلہن نے لکھا کہ معاشرے میں اکثر کہا جاتا ہے کہ شادی کے بعد عورت کا اصل گھر اس کے شوہر کا گھر ہوتا ہے، تاہم وہ اس سوچ سے مکمل اتفاق نہیں کرتی۔

خاتون نے کہا کہ جس گھر میں وہ پیدا ہوئیں، پلی بڑھی اور جہاں ان کی یادیں وابستہ ہیں، وہ ہمیشہ ان کا گھر رہے گا۔ نئی زندگی اور نئے رشتے اہم ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بچپن کے گھر کی اہمیت ختم ہو جائے۔

ویڈیو میں دلہن نے بتایا کہ جب شادی کی رسم کے دوران پنڈت نے کہا کہ شادی کے بعد میکے جانے کے لیے اجازت لینا پڑ سکتی ہے، تو وہ فوراً بولیں کہ کیا اب اپنے ہی گھر جانے کے لیے بھی اجازت مانگنی ہوگی؟ اس پر ان کے شوہر نے محبت بھری آواز میں کہا کہ "یہ تمہارا گھر ہے، تم جب چاہو وہاں جا سکتی ہو۔"

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر نئی بحث کا سبب بنی ہے، جہاں کئی خواتین نے روایتی رسومات پر تنقید کی، جبکہ متعدد صارفین نے دلہن کے جذباتی موقف سے ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔