85

نایاب طبی کیفیت: خاتون دھیمی آوازیں سننے سے محروم ہو گئیں

چین کے شہر شیامین میں ایک خاتون کی صبح اس وقت حیرت انگیز صورتحال اختیار کر گئی جب اسے اچانک اپنے بوائے فرینڈ کی آواز سنائی دینا بند ہو گئی۔ بعد ازاں یہ معاملہ کسی ذاتی تنازع کے بجائے ایک نایاب طبی کیفیت قرار پایا۔

بین الاقوامی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق یہ کیفیت جسے “ریورس سلوپ ہیرنگ لاس” کہا جاتا ہے، ایک غیر معمولی سماعتی خرابی ہے جس میں مریض اونچی اور باریک آوازیں تو سن سکتا ہے لیکن دھیمی یا بھاری آوازیں سننے سے قاصر ہو جاتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق چونکہ مردوں کی آوازیں عموماً بھاری اور کم فریکوئنسی کی ہوتی ہیں، اس لیے متاثرہ خاتون اپنے بوائے فرینڈ سمیت دیگر مردانہ آوازیں سننے میں ناکام رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کا نام “ریورس سلوپ” اس لیے رکھا گیا ہے کیونکہ آڈیو گرام ٹیسٹ میں اس کی شکل عام سماعتی خرابی کے برعکس ہوتی ہے۔ عام طور پر لوگ بلند آوازیں سننے میں مشکل محسوس کرتے ہیں، مگر اس کیس میں صورت حال الٹ تھی۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ کیفیت صرف مردانہ آوازوں تک محدود نہیں رہتی بلکہ اگر کسی خاتون کی آواز بھی بھاری ہو تو وہ بھی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ باریک آوازیں نسبتاً واضح سنائی دیتی ہیں۔ اسی طرح گرج چمک اور بھاری موسیقی کے آلات کی آوازیں بھی متاثرہ دائرے میں آتی ہیں۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس مرض کی تشخیص اکثر مشکل ہوتی ہے کیونکہ مریض باریک آوازوں کے غائب ہونے کو فوراً محسوس کر لیتے ہیں، جبکہ بھاری آوازوں کی کمی کا اندازہ دیر سے ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کیفیت کی ممکنہ وجوہات میں مینیئرز بیماری، وائرل انفیکشن، گردوں کی خرابی یا دماغی دباؤ میں تبدیلی شامل ہو سکتی ہے۔ اگر سماعت مستقل طور پر متاثر ہو جائے تو سماعتی آلات سے مدد لی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹروں نے مزید واضح کیا کہ اس صورتحال کو ذاتی مسئلہ نہ سمجھا جائے، اور خاتون کے بوائے فرینڈ کو بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ یہ ایک طبی مسئلہ ہے، کسی تعلقی مسئلے کا نتیجہ نہیں۔