35

ترکی کی دفاعی کمپنی کا نیا سمندری ڈرون ’طوفان‘ متعارف

ترکی کی دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید سمندری ڈرونز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں ’طوفان‘ نامی اَن مینڈ سرفیس وہیکل نمایاں ہے۔

یہ جدید ڈرون SAHA 2026 دفاعی نمائش میں پیش کیا گیا، جہاں اسے سطح سمندر پر خودکار جنگی کارروائیوں کے لیے تیار کردہ ایک اہم ٹیکنالوجی قرار دیا جا رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ڈرون نہ صرف حملے بلکہ نگرانی اور انٹیلیجنس مشنز بھی انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

8.1 میٹر طویل یہ ڈرون پیٹرول انجن اور واٹر جیٹ پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو اسے تیز رفتار اور کھلے سمندر سمیت ساحلی علاقوں میں فوری تعیناتی کے قابل بناتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’طوفان‘ کی نمایاں خصوصیت اس کی سوارم انٹیلی جنس اور خودکار آپریشنز ہیں، جس کے تحت یہ اکیلے یا گروہ کی صورت میں مختلف مشنز انجام دے سکتا ہے، جن میں نگرانی، جاسوسی اور حملے شامل ہیں۔

اس میں جدید نیویگیشن سسٹم، رکاوٹوں سے بچاؤ اور وژن بیسڈ اہداف کی شناخت کی صلاحیت بھی شامل ہے۔

’طوفان‘ کو ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے بھی لیس کیا گیا ہے، جس کے ذریعے یہ سمندری سطح پر موجود اہداف، ساحلی تنصیبات اور اہم فوجی اثاثوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔