173

گیس بحران پر قابو پانے کے لیے بڑا اصلاحاتی ایکشن پلان، نئی قومی کونسل قائم

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں جاری گیس بحران پر قابو پانے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت توانائی کے شعبے میں بنیادی اصلاحات اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل قائم کی جا رہی ہے، جو گیس کی فراہمی، قیمتوں کے تعین اور طلب و رسد کے معاملات کی براہِ راست نگرانی کرے گی۔

حکومتی فیصلے کے مطابق پاور ٹاسک فورس کے تمام اقدامات اب نئی قائم شدہ کونسل کے ماتحت ہوں گے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری پیٹرولیم سے گیس اصلاحات پر تفصیلی پیش رفت رپورٹ 8 مئی تک طلب کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی سپلائی میں بہتری تک نئے ایل این جی کنکشنز عارضی طور پر معطل رہیں گے۔ مقامی گیس کی پیداوار بڑھانے کے لیے ماڑی، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور مول کمپنیوں سے ہفتہ وار رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔

نئی حکمت عملی کے تحت گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مہنگی درآمدی گیس کے بجائے سستی مقامی گیس کے استعمال کو فروغ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا اور متعلقہ ٹاسک فورس کو گیس کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے اور ممکنہ اضافی مالی اثرات کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔