اداکار، میزبان اور ہدایت کار یاسر حسین نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بدلتے ہوئے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر مواد تیار کرنے سے پاکستانی ڈراموں کی اصل پہچان متاثر ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یاسر حسین نے بتایا کہ ماضی میں پاکستانی ڈرامے اپنی مضبوط کہانی، تہذیب اور معیار کی وجہ سے عالمی سطح پر منفرد پہچان رکھتے تھے۔ تاہم، جب بھارت میں ان کی مقبولیت بڑھی تو کئی پروڈیوسرز نے بھارتی ناظرین کی پسند کے مطابق مواد بنانا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ناظرین پاکستانی ڈراموں کو اعلیٰ معیار کی وجہ سے پسند کرتے تھے، لیکن افسوس کہ انڈسٹری نے اپنے معیار کو بلند رکھنے کے بجائے کم معیاری رجحانات کے مطابق ڈھال لیا۔
یاسر حسین کے بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کی رائے سے اتفاق کیا، جبکہ دیگر نے اسے مبالغہ قرار دیا۔









