56

ملک میں پہلی آئی ٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ، ڈیجیٹل ورک فورس کا جامع ڈیٹا تیار ہوگا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں پہلی بار آئی ٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی شعبے سے وابستہ افرادی قوت کا جامع ڈیٹا تیار کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مردم شماری وزارتِ آئی ٹی اور ادارہ شماریات کے باہمی اشتراک سے کی جائے گی، جس میں نوجوانوں کی ڈیجیٹل مہارتوں کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق ملک بھر میں آئی ٹی ورک فورس کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، جس میں فری لانسرز، ویڈیو ایڈیٹرز اور کال سینٹرز میں کام کرنے والے افراد بھی شامل ہوں گے۔ کال سینٹر ملازمین کی مہارتوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پہلی بار ملک کو آئی ٹی شعبے کا قابلِ اعتماد اور مربوط ڈیٹا دستیاب ہوگا، جو پالیسی سازی اور مستقبل کی منصوبہ بندی میں مدد دے گا۔ اس اقدام سے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔