76

پاکستانی نژاد برطانوی بائیکر گُل طارق نے برطانیہ سے پاکستان تک طویل سفر مکمل کر لیا

پاکستانی نژاد برطانوی بائیکر گُل طارق ہیوی بائیک پر اپنے آبائی وطن پاکستان پہنچ گئیں۔ راستے میں مختلف موسموں اور کئی چیلنجز کے باوجود گُل طارق نے اپنا سفر کامیابی سے مکمل کیا۔

گُل طارق نے کہا کہ برطانیہ سے پاکستان کا سفر ایک منفرد تجربہ رہا اور انہوں نے خواتین کو تنہا بائیکنگ کے حوصلے دینے کے لیے یہ سفر کیا۔ انہوں نے بائیک کی مینٹیننس سیکھنے کے ساتھ طویل سفر کی مکمل تیاری کی اور روزانہ نئے چیلنجز کا سامنا کیا۔ پہاڑوں، سمندروں اور مشکل راستوں کو عبور کرنا ان کے سفر کا حصہ رہا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ یوکے، فرانس، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، یونان، بلغاریہ اور ترکی سے گزریں۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث ایران کا بارڈر بند ملنے پر راستہ تبدیل کرنا پڑا۔ بلغاریہ میں بائیک پارک کر کے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا اور کراچی پہنچ کر لاہور تک کا سفر مکمل کیا۔ حالات بہتر ہونے پر وہ ایران کا سفر مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

گُل طارق نے مزید کہا کہ اگلے سال انٹرنیشنل بائیکرز کو پاکستان لانے کا منصوبہ ہے اور خواتین ہمت کریں تو بائیک پر پوری دنیا دیکھنا ممکن ہے۔