سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے حالیہ وائرل ہونے والی اپنی نقل (مِمکری) پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں انہوں نے بھی مختلف معروف شخصیات کی نقل کی ہے، تاہم ان کا انداز ہمیشہ باوقار اور فنکارانہ رہا ہے۔ بشریٰ انصاری کے مطابق انہوں نے نور جہاں، مسرت نذیر، سلمیٰ آغا اور طاہرہ سید سمیت کئی شخصیات کی نقل فن کے دائرے میں رہ کر کی، جس میں کبھی بھی کسی کی تضحیک یا ذاتی حملہ شامل نہیں تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی کامیڈی اور مِمکری کا مقصد ہمیشہ صرف تفریح اور فن کا اظہار رہا ہے، نہ کہ کسی کی دل آزاری۔
انہوں نے حالیہ وائرل ہونے والی مِمکری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں استعمال ہونے والے الفاظ غیر مہذب اور اسکرپٹ نامناسب تھا، جس نے انہیں افسردہ کیا۔
بشریٰ انصاری نے یہ بھی کہا کہ وینا ملک نے ان کی مِمکری اچھی انداز میں کی تھی، جس پر انہوں نے خود ان کی تعریف بھی کی، تاہم کچھ دیگر مواقع پر تنقید بھی دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ مثبت فن کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور اچھے کام کو سراہنا اپنا اصول سمجھتی ہیں۔
بشریٰ انصاری کے مطابق حالیہ مِمکری نہ تو فنکارانہ معیار پر پوری اترتی ہے اور نہ ہی اسے مثبت مزاح قرار دیا جا سکتا ہے۔









