دنیا میں جہاں برج صرف راستوں کو جوڑنے کے لیے تعمیر کیے جاتے ہیں، وہیں افریقی ملک زیمبیا کا کازونگولا برج اپنی جغرافیائی منفرد حیثیت کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
یہ برج زیمبیا اور بوٹسوانا کو دریائے زیمبیزی پر آپس میں ملاتا ہے، تاہم اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس مقام سے بیک وقت چار ممالک—زیمبیا، بوٹسوانا، نمیبیا اور زمبابوے—کی سرحدیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
3028 فٹ طویل اور 61.7 فٹ چوڑے اس پل میں دو لینز، ایک سنگل ریلوے ٹریک اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ بھی شامل ہے۔ اسے مئی 2021 میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اگرچہ یہ پل بنیادی طور پر زیمبیا اور بوٹسوانا کو جوڑتا ہے، لیکن اس کے اطراف میں موجود دیگر دو ممالک کی سرحدیں بھی اس مقام کو دنیا کے منفرد ترین جغرافیائی مقامات میں شامل کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ دنیا کا وہ نایاب مقام ہے جہاں چار ممالک کی سرحدیں ایک ہی خطے میں قریب ترین فاصلے پر ملتی ہیں، جو اسے سیاحت اور جغرافیائی مطالعے کے لیے انتہائی دلچسپ بناتا ہے۔









