ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے اور ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق حیدر آباد اور لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 200 روپے مہنگا ہوا، جبکہ سرگودھا میں 190 روپے اور سکھر میں 160 روپے تک اضافہ دیکھا گیا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملتان میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 133 روپے 33 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ کراچی اور خضدار میں بھی 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں 90 روپے، اسلام آباد میں 67 روپے، گوجرانوالا میں 66 روپے اور راولپنڈی میں 40 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت سب سے زیادہ 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاہور میں یہی تھیلا 1810 روپے کے ساتھ سب سے کم سطح پر موجود ہے۔
کوئٹہ میں قیمت 2450 روپے، حیدر آباد 2440 روپے، اسلام آباد 2373 روپے، پشاور 2350 روپے اور بنوں و خضدار میں 2300 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح راولپنڈی میں 2347 روپے، فیصل آباد میں 2250 روپے جبکہ سکھر اور لاڑکانہ میں 2200 روپے تک قیمت پہنچ گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق گوجرانوالا، ملتان اور سیالکوٹ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2133 روپے جبکہ بہاولپور میں 2067 روپے اور سرگودھا میں 2000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔









