خیبر پختونخوا میں ایڈز کے کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں 2026 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 481 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ایڈز کے بڑھتے ہوئے کیسز نے طبی ماہرین کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ صورتحال کو ایک بڑا صحت کا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق حیات کے مطابق تازہ کیسز کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 10 ہزار 281 تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال 9 ہزار 800 تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد میں 7 ہزار 178 مرد، 2 ہزار 381 خواتین، اور 235 خواجہ سرا شامل ہیں، جبکہ 15 سال سے کم عمر 487 بچے بھی اس مرض سے متاثر ہیں۔
ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاہم ایڈز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی آگاہی، احتیاطی تدابیر اور بروقت تشخیص کو مزید مؤثر بنانا انتہائی ضروری ہے۔









