52

پی ایس ایل 11: فائنل سے قبل بابر اعظم کا بڑا بیان سامنے آگیا

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم اس ٹیلنٹ کی درست شناخت اور بہتر رہنمائی انتہائی ضروری ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ سمجھنا بہت اہم ہے کہ کون سا کھلاڑی کس فارمیٹ کے لیے موزوں ہے تاکہ کسی بھی کھلاڑی کو غلط فارمیٹ میں استعمال نہ کیا جائے۔ ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی کو ٹیسٹ کرکٹ میں کھلانا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو مناسب مواقع اور صحیح رہنمائی دینا وقت کی ضرورت ہے۔

بابر اعظم نے اپنی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور عوام کی توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر پا رہے تھے، تاہم ان کی کوشش ہمیشہ بہتری کی طرف رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنقید کا جواب میدان میں اپنی کارکردگی سے دینا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے ٹرافی جیتے۔ پشاور زلمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ابتدائی مشکلات کے باوجود بعد میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ہر کھلاڑی نے اہم کردار ادا کیا۔

بابر اعظم نے سری لنکن آل راؤنڈر کوشل مینڈس کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو رہے ہیں۔

ان کے مطابق پشاور زلمی نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہتری دکھائی ہے، جبکہ ہر میچ میں دباؤ ہوتا ہے اور فائنل کا دباؤ اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے، جس کے لیے ذہنی تیاری ضروری ہے۔