117

ایران میں ڈیمائننگ آپریشن کے دوران دھماکہ، 14 پاسدارانِ انقلاب اہلکار جاں بحق

ایران میں جنگ کے دوران استعمال ہونے والے امریکی اور اسرائیلی بارودی مواد کی کلیئرنس کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں میں وہ بارودی بم اور دھماکہ خیز مواد صاف کیا جا رہا تھا جو ماضی کی جنگ کے دوران زمین میں دب گئے تھے اور مکمل طور پر ناکارہ نہیں ہوئے تھے۔

یہ واقعہ تہران کے شمال مغرب میں واقع شہر زنجان کے قریب پیش آیا، جہاں ڈیمائننگ آپریشن کے دوران اچانک کچھ بم پھٹ گئے۔ اس واقعے میں پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

ایرانی سیکیورٹی اداروں کے قریبی ذرائع کے مطابق جاں بحق اہلکار علاقے کو محفوظ بنانے کے آپریشن میں مصروف تھے۔ نور نیوز کے مطابق متاثرہ علاقے میں کلسٹر بم اور فضائی بارودی سرنگیں موجود تھیں۔

ماہرین کے مطابق ایسے ہتھیار اکثر فوری طور پر پھٹتے نہیں بلکہ بعد میں صفائی کے دوران انتہائی خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ جنگ بندی کے بعد ایران میں یہ سب سے بڑا جانی نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے باوجود غیر پھٹے ہوئے ہتھیار اب بھی سنگین خطرہ ہیں۔