146

جرمنی کے یوٹیوبر کا انوکھا ریکارڈ، ہوا میں روبک کیوب حل کر لیا

جرمنی کے 23 سالہ یوٹیوبر ٹام کوپکے نے فری فال کے دوران روبک کیوب حل کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ٹام کوپکے، جو یوٹیوب پر “ٹولیکو” کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے جنوبی افریقا کے موسل بے کے اوپر اسکائی ڈائیونگ کے دوران پیراشوٹ کھولنے سے قبل 23.333 سیکنڈ میں روبک کیوب حل کیا۔

اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے سیم سیراکّی کا 28.25 سیکنڈ کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو 2023 میں قائم ہوا تھا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹام کوپکے نے بتایا کہ انہوں نے 18 سال کی عمر میں پہلی بار روبک کیوب حل کیا تھا اور اس کے بعد مسلسل مشق جاری رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی سال سے اس انوکھے چیلنج کی تیاری کر رہے تھے اور پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اسے اسکائی ڈائیونگ کے دوران مکمل کریں گے۔

ان کا یہ کارنامہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا ہے اور صارفین اسے ایک انتہائی غیر معمولی اور حیران کن ریکارڈ قرار دے رہے ہیں۔